اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 27 فروری کو طلب کرلیا گیا ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدور میں سے ایک کو پارٹی کا قائمقام صدر مقرر کیا جائے گا جبکہ مستقل صدر کے انتخاب کیلئے جنرل کونسل کا اجلاس بلانے اور دیگر امور پراہم فیصلے کئے جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر ترجمان و سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 27 فروری کو لاہور میں دن 11بجے طلب کیا گیا ہے۔
دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق اس اجلاس کی صدارت چیئرمین راجہ ظفر الحق کریں گے جبکہ پارٹی کے قائمقام سیکرٹری جنرل وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اجلاس میں قائمقام صدر کی تقرری کے حوالے سے پارٹی آئین کے تحت اجلاس میں تجاویز پیش کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پارٹی کے سینئر نائب صدر سینیٹر یعقوب ناصر کو ایک مرتبہ پھر پارٹی کا قائمقام صدر مقرر کیا جائے گا جبکہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق 45 دن کے اندر پارٹی کا مستقل صدر بنانے کیلئے مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا جس کی تاریخ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں طے کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقل صدر کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف فیورٹ قرار دیئے جا رہے ہیں تاہم مریم نواز کا بھی نام زیر غور ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلے سابق وزیراعظم نواز شریف پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ دنوں نواز شریف کو پارٹی صدارت کیلئے بھی نا اہل قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے سات روز کے اندر مسلم لیگ (ن) کو پارٹی کا قائمقام جبکہ 45روز کے اندر مستقل صدر منتخب کر کے تحریری طور پر الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی تھی اسی لئے منگل کو لاہور میں مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلایا گیا ہے۔(اح+ط س)