کراچی(آن لائن )کراچی کے علاقے شارع فیصل میں عدنان پاشا نامی نوجوان نے سرعام ہوائی فائرنگ کرنے کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی ،وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نوجوان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی مصروف ترین شاہراہ پر جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب عدنان پاشا نامی شخص نے سرعام ہوائی فائرنگ کی اور اس دوران وہ اپنی ویڈیو بھی بناتا رہا ۔
ویڈیو میں عدنان پاشا نے نازیباکلمات بھی استعمال کئے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج بھی کیا،جس کے بعد مذکورہ شخص نے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی۔سوشل میڈیا پر ویڈیو اپلوڈ ہونے کے بعد وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے نوجوان کی جانب سے شاعر فیصل پر ہوائی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔جبکہ آئی جی سندھ نے بھی واقعے کا نوٹس لیا ہے اور پولیس کو فوری کاروائی کا حکم دیا ہے ۔دوسری جانب عدنان پاشا نامی نوجوان نے سوشل میڈیا پر دوسری ویڈیو بھی جاری کردی ہے ،جس میں اس کا کہنا ہے کہ ذیشان سعید عرف شانی نامی شخص کو اس کے والد نے بیٹوں کی طرح پالا تھا مگر شانی نے اس کے والد کو قتل کیا ہے ۔اور عدنان پاشا کا ویڈیو میں یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے شارع فیصل پر جو فائرنگ کی ہے اس کی وجہ کسی کو معلوم نہیں مگر اس نے یہ سب غصے میں کیا تھا۔واضح رہے کہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویڈیو بنانے کے دوران نوجوان کی حرکات وسکنات ظاہر ہورہا تھا کہ وہ ہوش و حواس میں نہیں ہے اور اس نے نشہ کیا ہواہے ۔