اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف صحافی شاہد مسعود زینب قتل کیس میں کئے جانے والے انکشافات کے بعد انکوائری کمیٹی کو مطئمن کرنے میں ناکام ہو گئے،ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں تحقیقات کرنے والے کمیٹی بھی کسی ٹھوس نتیجے پرنہیں پہنچ سکی۔ذرائع نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی نے شاہد مسعود کو ایک سوالنامہ دیا تھا جس میں 40 سوال شامل تھے لیکن ڈاکٹر شاہد مسعود تاحال انکوائری کمیٹی کو مطمئن کرنے میں ناکام ہیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے
کہ شاہد مسعود کالے شیشوں والی لینڈ کروزر میں ایف آئی اے ہیڈکوارٹر آئے تھے تاہم یہ واضح نہیں ہوسکاکہ وہ گاڑی کس ادارے یا کس شخصیت کی ملکیت ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہد مسعود نے پہلی پیشی پر انکوائری کمیٹی کے ارکان پر رعب جھاڑنے کی کوشش کی لیکن اگلی دو پیشیوں پر ان کوآگاہ کر دیا گیا تھا کہ تحقیقاتی کمیٹی کو مینڈیٹ سپریم کورٹ نے دیا ہے۔ شاہد مسعود سے کی جانے والی تفتیش کی رپورٹ یکم مارچ کو سپریم کورٹ میں جمع کروائی جائے گی۔