لاہور (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینٹ کے امیدوار رانا محمود الحسن وزیراعظم کے خصوصی طیارے پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے اسلام آباد سے لاہور پہنچے، مسلم لیگ (ن) نے انہیں سینٹ کا امیدوار نامزد کرنے کی اطلاع دینے کے لیے رابطہ کیا تو نہ مل سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے عملے نے جب ان کے گھر واقع ملتان میں رابطہ کیا تو ان کی اہلیہ اور بیٹی نے کہا کہ وہ اسلام آباد جانے کا کہہ کر گئے تھے اور ہمارا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔ رانا محمود الحسن کے قریبی ساتھیوں نے بھی ان کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا لیکن ایک قریبی ساتھی نے کہا کہ وہ پنجاب ہاؤس میں ہوں گے، جب پنجاب ہاؤس رابطہ کیا گیا تو موصوف اپنے کمرے میں سوئے پائے گئے۔ شہباز شریف نے رانا محمودالحسن کو بتایا کہ میاں نواز شریف نے انہیں سینٹ کا ٹکٹ دے دیا ہے اور آپ کاغذات نامزدگی جمع کرائیں، جس پر انہوں نے کہا کہ میں فوری طور پر لاہور نہیں پہنچ سکتا، جس پر شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم کا خصوصی طیارہ آپ کو وہاں سے لاہور لائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ان سے ملتان کے جلسہ میں شرکت نہ کرنے پر شکوہ کا اظہار بھی کیا، اس طرح رانا محمود الحسن وقت ختم ہونے سے پندرہ منٹ پہلے پہنچ گئے اور کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے، رانا محمود الحسن کے بارے میں موقر قومی اخبار کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ مانڈوی والا کے سینما میں فلم دیکھنے کے بعد صبح چار بجے پنجاب ہاؤس پہنچے تھے۔