کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں پانچ ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔ پاکستان میں عوام کے لئے پیٹرول کے دام کچھ کم ہوسکتے ہیں۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 3 سال کی بلند ترین سطح یعنی 70 ڈالر کو چھو کر ایک بار پھر کم ہونا شروع ہوگئیں اور اس وقت خام تیل پانچ ہفتوں کی کم ترین سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ
امریکا کی جانب سے خام تیل کی پیداوار میں اور اس کی سپلائی میں اضافہ ہے۔اس وقت امریکی خام تیل کی قیمت 60 ڈالر 55 سینٹس جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت 64 ڈالر 39 سینٹس کی سطح پر آگئی ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو آئندہ آنے والے مہینے میں پاکستانی عوام کو پیٹرول سستا مل سکتا ہے۔