تہران(این این آئی)ایران میں حکومتی سطح پر کرائے گئے ایک سروے میں کہاگیا ہے کہ ایرانیوں کی اکثریت ملکی حالات پر غیر مطمئن ہے ،ادھرایرانی سرگرم حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر مطالبہ کیا گیا ہے کہ اتوار کے روز 40 واں یومِ انقلاب منانے کے موقع پر ایرانی نظام کے خلاف مظاہرے کیے جائیں۔ایرانی میڈیا نے بتایاکہ ایران میں حالیہ عوامی احتجاج کے بارے میں کرائے گئے سروے کے نتائج کے مطابق 74.8% ایرانی اپنے ملک کے حالات سے ناخوش ہیں۔
سرکاری ادارے کی سروے رپورٹ کے مطابق تقریبا 80% شرکاء کے نزدیک حالیہ عدم اطمینان کا اہم ترین سبب اقتصادی مسائل ہیں۔سروے میں 31% لوگوں کا کہنا تھا کہ حالیہ مظاہرے ملک کے ناموافق حالات کے سبب خود سے سامنے آئے جب کہ 26.4% سمجھتے ہیں کہ عوام بیرونی سازش کے تحت سڑکوں پر نکلے۔ اس کے مقابل 23.7% کی رائے میں ان مجمعوں کو اندرونی قوتوں نے منظم کیا۔ایرانی مرکزایرانی سٹوڈنٹ پالیسی ایجنسی کے سربراہ محمد اقاسی نے کہاکہ 41% شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ہونے والے کسی بھی احتجاج میں سڑکوں پر نکلیں گے بشرط یہ کہ مظاہرے پر امن اور قانون کے دائرہ کار میں ہوں۔ اس کے مقابل 48% نے کہا کہ وہ کسی احتجاج میں ہر گز شریک نہیں ہوں گے۔غیر جانب دار اور بین الاقوامی اداروں نے مذکورہ سروے کی درستی کے حوالے سے شکوک کا اظہار کیا ہے اس لیے کہ ان کے نزدیک ایران میں کڑی حکومتی نگرانی کے سبب کسی آزادانہ سروے کے انعقاد کا موقع میسر نہیں ہے۔ایرانی سرگرم حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئندہ اتوار کے روز 40 واں یومِ انقلاب منانے کے موقع پر ایرانی نظام کے خلاف مظاہرے کیے جائیں۔