فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) فیصل آباد میں ایک معروف اور بڑے برانڈ کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے نصب تھے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق کپڑوں کی دکان کے ٹرائی روم میں لگا خفیہ کیمرہ پکڑا گیا ہے، خفیہ کیمرے کے ذریعے لباس تبدیل کرنے والے مرد و خواتین کو دیکھا جاتا تھا، پولیس نے دکان منیجر نعمان کو گرفتار کر لیا ہے، فیصل آباد کی معروف شاہراہ پر نیشنل اور انٹرنیشنل برانڈز کی دکانیں ہیں یہاں پر Levi’s کی دکان تھی جس کے ٹرائی روم میں کیمرہ نصب کیا گیا تھا،
ایک گاہک کی طرف سے اس کی نشاندہی کی گئی، گاہک کی طرف سے اس خفیہ کیمرے کی تصاویر بنائی گئیں، یہ خفیہ کیمرے کپڑوں کے کاٹن میں خفیہ طور پر لگائے گئے تھے، جب گاہک نے دکان کے منیجر نعمان کو اس کی شکایت کی تو منیجر کی طرف سے اس گاہک کا موبائل فون چھین کر وہ تصاویر ڈیلیٹ کر دی گئیں اور وہاں سے کاٹن بھی ہٹا دیے گئے لیکن کچھ تصویریں ڈیلیٹ نہ ہو سکیں، جب شہری نے ون فائیو کو فون کرکے اطلاع دی تو پولیس موقع پر پہنچ گئی، انہوں نے شہری کی درخواست پر اس سٹور کے منیجر کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا، متاثرہ شہری کے ہمراہ پولیس نے ٹرائی روم کا جائزہ لیا اور منیجر سے مطالبہ کیا گیا کہ جن کاٹن کی شہری نے تصاویر لی ہیں وہ کہاں ہیں، جب کاٹن سامنے لائے گئے تو ان میں دو جگہ سوراخ تھے لیکن وہاں سے کیمرے ہٹا دیے گئے تھے، متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ جب اس نے تصاویر بنائیں تو اس وقت کیمرے کا لینز نظرآ رہا تھا اور اس کی تصاویر منیجر نے اس کے موبائل سے ضائع کر دیں، اس موقع پر دکان کے منیجر نے کہا کہ یہ کیمرہ ان کی طرف سے نہیں لگایا گیا، منیجر نے بتایا کہ ہو سکتا ہے کہ یہاں کے کسی ملازم نے خفیہ کیمرہ لگایا ہو جو خفیہ طور پر یہ سب کچھ دیکھتا ہو گا، دوسری طرف ابھی تک پولیس وہ کیمرہ دستیاب نہیں کر پائی ہے، دکاندار اس بات پر بضد ہیں کہ ان کی طرف سے کوئی کیمرہ نہیں لگایا گیا تھا اور متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ کیمرہ تھا،
پولیس کو وہ تصاویر دی گئی ہیں جو کہ شہری نے بنائی تھیں اور یہ تصاویر متاثرہ شہری نے خود دی ہیں اس شہری کی بنائی ہوئی یہ تصاویر ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر ان میں سے کچھ محفوظ رہیں، ان تصاویر میں باقاعدہ کیمرے کا لینز نظر آ رہا ہے، نجی ٹی وی چینل رپورٹ کے مطابق خفیہ ویڈیو بنانے پر اس دکاندار کو حراست میں لیا جائے گا، ہو سکتا ہے یہ بنائی گئی ویڈیو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہوں، اس سے لوگوں کو بلیک میل بھی کیا جا سکتا ہے اور انٹرنیٹ پر بھی انہیں فروخت کیا جا سکتا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق یہاں پر آنے والے گاہکوں کے لیے انتہائی شرمناک بات ہے کہ وہ یہاں خریداری کے لیے آتے ہیں اور ان کی یہاں خفیہ طور پر کپڑے تبدیل کرتے ہوئے ویڈیوز بنائی جاتی ہیں۔ Levi’s کے سٹور کی جانب سے انتہائی گھٹیا حرکت کی گئی ہے، سٹور کی اس حرکت پر گاہک بہت نالاں نظر آ رہے ہیں۔ متاثرہ شہری بھی اپنی فیملی کے ساتھ یہاں آیا تھا اس نے پہلے خود چیک کیا تو وہاں اسے اس بات کا انکشاف ہوا کہ یہاں خفیہ کیمرے لگائے گئے ہیں۔