برسلز(این این آئی)یورپی یونین کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک جرمنی میں غیر قانونی ملازمتیں کرنے والے مقامی اور غیر ملکی باشندے اس سال مجموعی طور پر قریب 323 ارب یورو کمائیں گے۔جرمن ریڈیو کے مطابق یہ بات ایک تازہ اقتصادی تحقیقی جائزے کے نتیجے میں سامنے آئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقتصادی ماہرین نے پیش گوئی کی کہ اس سال جرمنی میں روزگار کی غیر قانونی مارکیٹ کچھ چھوٹی ہو جائے گی ۔
جس کی دو بڑی وجوہات ہوں گی۔ان میں سے ایک تو جرمن معیشت کی بہت مضبوط حالت ہے اور دوسری ملک میں بے روزگاری کی موجودہ شرح کا بہت کم ہونا۔ جرمنی یورپ کی سب سے بڑی معیشت بھی ہے اور گزشتہ برس قومی لیبر مارکیٹ کا غیر قانونی حصہ، جو بلیک لیبر مارکیٹ بھی کہلاتا ہے، ملک کی مجموعی اقتصادی کارکردگی کے 10.1 فیصد کے برابر رہا تھا۔اس کے باوجود اتنی بڑی معیشت کے دسویں حصے کا غیر قانونی ہونا پھر بھی جرمن ریاست کے لیے اس وجہ سے بہت نقصان دہ ہے کہ یوں جرمن خزانے اور ملکی سوشل سکیورٹی سسٹم میں بیسیوں ارب یورو کی قانونی ادائیگیاں نہیں کی جائیں گی۔