لاہور (نیوزڈیسک) لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لیے کی جانے وا لی کھدائی کے دوران پانچ مزدور گہرے گڑھے میں جا گرے، ریسکیو اہلکاروں نے مزدورں کو نکال کر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ۔بتایا گیا ہے کہ میکلیوڈ روڈ پر اورنج لائن کے زیر زمین ٹرمینل بنانے کیلئے کھدائی کا کام جاری تھا کہ مٹی کا تودہ گرنے سے پانچ مزدور ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں کو موقع پر بلا لیا گیا جنہوں نے مزدوروں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا اور آدھے گھنٹے کی تگ و دو کے بعد
ایک ایک کر کے تمام مزدوروں کو مٹی کے نیچے سے نکال کر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ۔مزدوروں میں عبدالسمیع،دلاور،انور ،طارق اور عبدالوہاب شامل ہیں ۔ موقع پر موجود یگر مزدوروں کا کہنا تھا کہ ٹھیکیدار کو بارہا شکایت کی کہ کھدائی کیلئے جگہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے مگر کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ تودہ اچانک گرا ، کسی کی غلطی نہیں ہے ، نیسپاک کی جانب سے باقائدہ کلیئرنس کے بعد ہی مزید کھدائی کی اجازت دی جائے گی۔