لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے آخری روز منفی رجحان رہا اور ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 265 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔ اسٹاک مارکیٹ نے کاروباری ہفتے کے آخری روز 44 ہزار 8 سو 26 پوائنٹس کی سطح کو پار کیا جو کہ گزشتہ روز سے صرف 9 پوائنٹس زیادہ تھا۔
پی ایس ایکس میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جب کاروبار کا آغاز ہوا تو کچھ دیر تیزی کے بعد مارکیٹ میں منفی رجحان دیکھا گیا جس کی وجہ سے بینچ مارک انڈیکس 44 ہزار 1 سو 96 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا جو آج کی کم ترین سطح ثابت ہوئی۔ کاروبار کے دوسرے مرحلے میں تھوڑی بہتری آئی اور پہلے کے مقابلے میں مثبت رجحان پایا گیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 27 کروڑ 7 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی جن کی مالیت 9 ارب 17 کروڑ روپے رہی۔ مجموعی طور پر351 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 146 کی قیمتوں میں اضافہ، 175 کی قیمتوں میں کمی اور 30 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ توانائی کا شعبہ 4 کروڑ 13 لاکھ حصص کی لین دین کے ساتھ کاروبار میں نمایاں رہا جبکہ سیمنٹ اور کیمیکلز کا شعبے نے بالترتیب 3 کروڑ 70 لاکھ اور 3 کروڑ 90 لاکھ حصص کی لین دین کی۔