لاہور ( این این آئی) محکمہ داخلہ پنجاب نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران کے بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کا حکم دیدیا ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے قصور واقعے کے مرکزی ملزم عمران کے بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کی جانب سے ڈی جی فرانزک لیب طاہر اشرف اور اسٹیٹ بینک کے اعلی افسران کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قصور واقعے کی تحقیق کرنے والی جے آئی ٹی ملزم عمران کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق انکشافات پر مکمل تحقیقات کرے۔واضح رہے کہ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں اینکر پرسن نے انکشاف کیا تھا کہ ملزم عمران کے مختلف بینکوں میں 37 اکاونٹس ہیں اور ان میں سے اکثر غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس ہیں۔