اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نکاح کو خفیہ رکھنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟معروف صحافی اعزاز سید کا عمران خان کے دوبار خفیہ نکاح پڑھانے والے مفتی سعید سے سوال پر مفتی سعید کی خاموشی نے شکوک بڑھا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کا دو بار مبینہ طور پر خفیہ نکاح پڑھانے والے مفتی سعید گزشتہ روز جمعہ کی نماز کی ادائیگی کیلئے راولپنڈی میں موجود تھے جہاں انہوں نےنماز جمعہ کی امامت کروائی اور بعد نماز جمعہ لوگوں کے شرعی مسائل پر مبنی سوالات کا جواب دیا۔ مفتی سعید مسجد سے جاب باہر نکلے تو اس دوران نجی ٹی وی کے معروف صحافی اعزاز سید نے ان سے سوال پوچھا کہ ’’نکاح کو خفیہ رکھنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟‘‘مفتی سعید سوال سن کر خاموشی سے چلتے رہے اور ان کے ساتھ اعزاز سید بھی چلتے رہےاس دوران مفتی سعید کے قریبی رفقا جو وہاں موجود تھے انہوں نے اعزاز سید کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے ان کے سوال کا جواب دینے کی پیش کش کی اور کہا کہ آپ مفتی صاحب سے یہ سوال نہ کریں آپ کے سوال کا جواب ہم دے دیتے ہیں۔ اعزاز سید اس دوران مفتی سعید کے ساتھ چلتے ہوئے اپنا سوال دہراتے رہے لیکن مفتی سعید نے جواب نہ دیا اور اپنی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہو گئے۔ واضح رہے کہ عمران خان کی تیسری شادی کی خبر بریک کرنے والے صحافی عمر چیمہ بھی مفتی سعید کی خاموشی کوشادی ہونے کا مثبت اشارہ سمجھتے ہیں ۔