اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے سندھ میں ناقص اور غیر معیاری دودھ کی فروخت کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے کیس 13 جنوری کو سماعت کے مقرر کر لیا ہے، جمعرات کو سپریم کورٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے سندھ میں ڈبے کے ناقص دودھ کی فروخت پر ازخودنوٹس لیتے ہوئے کیس سماعت کے لیے مقرر کر لیا ہے جبکہ چیف جسٹس نے اس سلسلے میں ہفتے کو بھی عدالت لگانے
کا فیصلہ کیا ہے ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کراچی رجسٹری میں معاملہ کی سماعت کرے گا۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے رواں سال کے آغاز پر اعلان کیا تھا کہ دو ہزار اٹھارہ میں سپریم کورٹ مفاد عامہ کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھے گی اور رواں ہفتے چیف جسٹس کی جانب سے مفاد عامہ کے معاملات پر متعدد ازخود نوٹس لیے جا چکے ہیں، جبکہ چیف جسٹس رواں ماہ ہفتے کے روز بھی دو مرتبہ عدالت لگا چکے ہیں، چیف جسٹس نے کراچی اور لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار پر بھی ازخود نوٹس لے رکھا ہے، جبکہ ملک بھر میں جیلوں کی حالات زار اور وی وی آئی پی پروٹوکول کے باعث سڑکوں کی بندش پر ازخود نوٹس بھی رواں ہفتے ہی لیا گیا تھا، چیف جسٹس نے سندھ کے میڈیکل کالجز پر بھی ازخود نوٹس لے رکھا اور کیس سماعت کے لیے کراچی رجسٹری میں ہی مقرر ہے. سندھ کے میڈیکل کالجز اور کراچی کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار سے متعلق کیس کی سماعت تیرہ جنوری کو ہی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہو گی۔