اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)قصور میں درندگی کا نشانہ بننے والی 7سالہ زینب کے والدین جو عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں تھے اندوہناک سانحہ کی خبر ملنے پر واپس وطن پہنچےان کی فلائٹ اسلام آباد ائیرپورٹ پر اتری جہاں میڈیا سے مختصر گفتگو کے بعد زینب کے والد محمد امین اور والدہ لاہور کیلئے فلائٹ پی کے 653میں سوار ہو گئے ۔ اسی پرواز میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ بھی موجودتھے ۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق گورنر پنجاب نے دوران سفر زینب کے والدین سے بات کرنا تو درکنار تعزیت
کرنا بھی مناسب نہ سمجھا جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت پر سخت تنقید اور قصور میں بگڑتی صورتحال کے بعد وزیراعلیٰ کو بھی احساس ہوا اور وہ منہ اندھیرے زینب کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے زینب کے والدین سے تعزیت کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور ملزم کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔پنجاب حکومت اور اس کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے اس اندوہناک واقعہ پر ایسا رویہ سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔