واشنگٹن (آن لائن) ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو 1.1 بلین ڈالر سکیورٹی امداد حافظ سعید جیسے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر ناورت نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ممبئی حملوں
کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کے متعلق کئی بار اپنے خدشات کا اظہار کیا تاہم پاکستان نے کوئی کارروائی نہ کی۔ انہوں نے کہا کہ حافظ سعید کی نظربندی پر پاکستان کو دس ملین ڈالر دیئے گئے تاہم بعد میں اسے رہا کر دیا گیا۔ جس پر ہم نے پاکستان کے ساتھ اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشیدہ حالات کے باوجود پاکستان کے ساتھ نہ صرف حقانی نیٹ ورک اور طالبان بلکہ لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسے دہشتگرد گروپوں کے معاملے پر بھی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے جوہری اثاثوں پر بھی ہمارے تحفظات ہیں اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ انتظامیہ نے ملک کے خلاف کچھ اقدامات پر غور کیا ہے ۔