بیجنگ (این این آئی) چین نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنی فوج کو قابو میں رکھے اور سرحدی معاملات پر ہونیوالے معاہدوں پر عملدرآمد کرے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چینی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل رین نے ڈوکلام تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرحدی دستوں کو قابو میں رکھنا بھارت کی ذمہ داری ہے، ساتھ ہی جو معاہدے ہوئے ہیں ان پر عمل بھی کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چینی فوج نے2017ء میں اپنے
علاقے کا پورے عزم سے دفاع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی فوج، بھارت کیساتھ ڈوکلام تنازع سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہے، ساتھ ہی بحیرہ جنوبی چین میں بھی اپنے اقتدار اعلیٰ کو برقرار رکھنے کیلئے تیار ہے۔جبکہ دوسری طرف بھارت کا کہنا ہے کہ وہ کیملاش مان سرور یاترا کیلئے چین سے رابطے میں ہے جو2017ء میں ڈوکلام تنازع کی وجہ سے نہیں ہوسکی تھی۔