اسلام آباد(نیوزڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ 2013ءکے انتخابات میں منظم طریقے سے دھاندلی کی گئی۔گزشتہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن کو جمع کرائی گئی ایک رپورٹ میں ای سی پی نے کہاکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے نتائج مجموعی بنیادوں پر ووٹروں کی جانب سے دیئے گئے مینڈیٹ کی ”حقیقی اور منصفانہ عکاسی“ تھی۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ تاہم ہوسکتا ہے کہ کچھ انتخابی حلقوں میں بے ضابطگیاں اور بدعنوانی کی گئی ہو اور ان کی پٹیشنز اور اپیلیں پہلے ہی الیکشن ٹریبیونلز اور سپریم کورٹ کے سامنے زیرالتواءہیں۔