اسلام آباد(نیوزڈیسک ) حلقہ این اے 246 کراچی کے ضمنی انتخابات میں معذور ، نابینا ، زخمی اور ضعیف العمر مرد و خواتین نے بھی بھر پور حصہ لیا۔ ووٹ کی حرمت اور اہمیت جاننے والے ضعیف العمر ، معذور ، نابینا ، زخمی مرد و خواتین نے بھی حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لیا۔ یہ ووٹرز اپنی تمام تر مشکلات کے باوجود پولنگ سٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالنے پہنچے۔ نابینا ووٹر آیا لاٹھی ٹیکتا ہوا تو کوئی پہنچا وہیل چیئر پر ، جو تھا چلنے سے معذور اس نے لیا کسی کے کاندھے کا سہارا ، کوئی بازو پر پلستر لپیٹے زخموں کی پروا کئے بغیر حق رائے دہی استعمال کرنے کے بعد مسکراتا نظر آیا ، مرد حضرات جہاں پر جوش دکھائی دیئے ، وہیں بوڑھی خواتین بھی پر عزم نظر آئیں۔ کہیں تھیں قطاریں اور کہیں شناختی کارڈ کی چیکنگ ، پولنگ سٹیشن میں داخلے سے پہلے پولیس اہلکار تلاشی بھی لیتے رہے لیکن ان معذور ، نابینا ، ضعیف العمر مرد و خواتین ووٹرز نے تمام تر مشکلات کے باوجود اپنی قومی اور اخلاقی ذمہ داری پوری دیانت داری سے نبھائی۔