اسلام آباد(نیوز ڈیسک)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246پر ضمنی انتخاب کل ہوگا۔اس نشست کیلئے 12امیدوار میدان میں ہیں،اصل مقابلہ ایم کیو ایم کے کنور نوید جمیل، جماعت اسلامی کے راشد نسیم اور پاکستان تحریک انصاف کے عمران اسماعیل کے درمیان متوقع ہے،این اے 246 میں کل ووٹرز3 لاکھ 57801ہیں جن میں 1لاکھ 96203 مرد اور 1لاکھ 61571خواتین ہیں ۔کل پولنگ اسٹیشن 213 ہیں جن میں 15 مرد ،15 خواتین اور 183مشترکہ پولنگ اسٹیشن ہیں۔ مردوں کے 402اور خواتین کے 367 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔211مرد 2 خواتین پریزائیڈنگ افسران اور 769پولنگ افسران ڈیوٹی انجام دیں گے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹرزکی سہولت کے لیے گھربیٹھے پولنگ اسٹیشن کا پتہ معلوم کرنے کے لیے نے ایس ایم ایس سروس بھی متعارف کرادی ہے ۔ اس ضمنی الیکشن کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں تینوں اہم جماعتوں کے امیدوارخود ووٹ نہیں ڈال سکیں گے کیونکہ ایم کیو ایم کے امیدوارکنور نویدجمیل،پی ٹی آئی کے امیدوارعمران اسماعیل اورجماعت اسلامی کے امیدوارراشد نسیم کے ووٹ این اے246 میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ادھرصوبائی حکومت نے کراچی کے ضلع وسطی کی انتظامیہ اور این اے246کے ریٹرننگ افسر ندیم حیدر کی سفارش پر ضلع بھرمیں عام تعطیل کا فیصلہ کیا ہے ، حلقے میں دفعہ 144بھی نافذ ہو گی،جس کے تحت پولنگ اسٹیشن کے اندر 5 سے زائد افراد کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی ۔ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے ایک رینجرزاہلکارپولنگ بوتھ میں تعینات ہوگا۔کے الیکٹرک نے حلقے میں الیکشن کمیشن کو 24 اپریل کی صبح تک لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،ضمنی انتخاب کی وجہ سے کراچی میں3 دن کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی لگادی گئی ہے یہ پابندی 24 اپریل تک رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 23 اپریل جمعرات کوپولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک بغیرکسی وقفہ کے جاری رہے گی۔ حلقہ این اے 246کا جائزہ لیں تو یہ نشست 1988 سے ایم کیوایم حاصل کرتی آرہی ہے۔ 1985 میں اس نشست سے غیرجماعتی انتخاب میں جماعت اسلامی کے سید مظفر ہاشمی کامیاب ہوئے۔ 1970 اور 1977 میں اس نشست سے جماعت اسلامی کے پروفیسر عبدالغفور احمد(مرحوم)بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے۔ 1993 میں ایم کیوایم نے قومی اسمبلی کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک بار پھر اس نشست پر جماعت اسلامی کے سید مظفر احمد ہاشمی کامیاب ہوئے۔ 1997 میں ایم کیو ایم کامیاب ہوئی۔ 2002 کے عام انتخاب میں ایم کیوایم اور جماعت اسلامی کا ون ٹو ون مقابلہ ہوا تھا۔ ایم کیوایم کے امیدوار نے 52ہزار اور جماعت اسلامی کے امیدوار نے32ہزارووٹ حاصل کئے تھے۔ 2008 میں جماعت اسلامی نے بائیکاٹ کیااور ایم کیو ایم نے میدان مارا۔ 2013 کے عام انتخاب میں ایم کیوایم کے امیدوار نبیل گبول کامیاب ہوئے اورتحریک انصاف کے امیدوار نے31ہزار جبکہ جماعت اسلامی کے راشد نسیم نے 10ہزارووٹ حاصل کئے تھے ۔