واشنگٹن(این این آئی) امریکا نے پاکستان کے تحفظات کو دور کرنے کیلیے موجودہ ’’مذاکراتی عمل‘‘ کو بتدریج آگے بڑھانے کا پیغام دے دیا ہے۔پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک تمام معاملات پر مذاکراتی عمل کو سفارتی رابطوں کے توسط سے آگے بڑھائیں گے جب کہ امریکی نائب صدر مائیک پنس شیڈول طے ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کریں گے،
اس دورے میں پاک امریکا تعلقات کو مستحکم بنانے کیلیے مزید امور طے ہوں گے۔امریکی وزیر دفاع جمیز میٹس نے اپنے دورے میں پاکستان کی قیادت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹرمپ حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے موجودہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتی ہے اور اس کیلیے امریکا کی جانب سے پاکستان سے تمام سطح پر اپنے ’’سفارتی رابطوں ‘‘ کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔