گئے دنوں کی بات ہے ۔۔۔ برطانیہ کی کاؤنٹی لنکا شائر کے دور افتادہ گاؤں گرانتھم میں ایک سبزی کی چھوٹی سی دکان ہوا کرتی تھی۔قصبے کے باسی صبح سویرے وہاں ایک جفا کش کو دیکھتے جو سبزیوں کو قرینے سے سجاتا اور انہیں تروتازہ رکھنے کیلئے ان پر پانی کے چھنٹے مارتا۔ سبزی کی اس چھوٹی سے دکان کے سامنے سے گزرنے کا والا ہر شخص الفرڈ رابرٹس سے علیک سلیک ضرور کرتا۔ اس کی واحد وجہ ان کی خوش اخلاقی نہیں تھی بلکہ وہ جز ووقتی مبلغ بھی تھے ، نیک نامی اور ایمانداری کی بدولت اہل علاقہ نے انہیں مقامی کونسلرکا اعزاز بھی دلا رکھا تھا۔
13 اکتوبر1925کو قدرت نے الفرڈ رابرٹس کو ایک بیٹی سے نوازا ، الفرڈ کی بیوی بیٹرس نے بیٹی کا نام مارگریٹ ہیلدا تھیچر رکھا۔ وہ ننھی بچی برطانیہ ہی نہیں دنیا بھر میں مارگریٹ تھیچر کے نام سے مشہور ہوئی۔ عوام نے مارگریٹ تھیچر کوبرطانیہ کی پہلی خاتون وزیراعظم کا اعزاز بھی دلوایا۔
مارگریٹ کے والد الفرڈ رابرٹس نے مقامی سیاست میں فعال کردار ادا کیا، اسی لئے مارگریٹ تھیچر کی زندگی اور پالیسیوں پران کے والد کی تربیت کا گہرا اثر تھا۔مارگریٹ تھیچر نے بھی کہا تھا ’’وہ جو کچھ بھی ہیں اپنے والد کی وجہ سے ہیں، انہوں نے میری ایسی تربیت کی کہ میں ہر اس چیز پر یقین کروں جس پر میں یقین رکھتی ہوں‘‘۔
مارگریٹ تھیچر نے ہوش سنبھالی تو والد کا ہاتھ بٹانے لگیں، فارغ اوقات میں وہ سبزی کی دکان بھی بیٹھتی تھیں، ابتدائی تعلیم گرانتھم سے آصل کی جبکہ آکسفورڈ یوینورسٹی سے نیچرل سائنس میں ڈگری پانے کے بعد انہوں نے کولچسٹر میں پلاسٹک کی ایک کمپنی میں ملازمت کر لی ،جہاں وہ مقامی سطح پر کنزرویٹو پارٹی کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے لگیں۔ دو مرتبہ ناکامی کے بعدمارگریٹ تھیچر 1959 کے عام انتخابات میں پہلی بار شمالی لندن سے پارلیمان کی رکن منتخب ہوئیں۔مارگریٹ سیکرٹری تعلیم بھی رہیں ، 1975 میں انہوں نے سابق وزیر اعظم ایڈورڈ ہیتھ کی قیادت کو کامیابی سے چیلنج کیا۔ اور 1979 میں سلطنت برطانیہ کی وزارت عظمٰی کا ہُما ان کے سر پر آن بیٹھا۔ انہوں نے 1979، 1983، اور 1987 کے عام انتخابات جیتے اور 1990 تک برطانیہ کی وزراعظم رہیں۔
مزید پڑھئے: آگیا وہ شاہکار۔۔۔ جس کا تھا انتظار،ہونڈاسوک2016ءپیش کردی گئی
مارگریٹ تھیچر کی شخصیت کا دلچسپ پہلو یہ تھا کہ وہ مضبوط اعصاب کی سخت مزاج سیاستدان تھیں۔ یہی وجہ تھی کہ انہیں ’’آئرن لیڈی‘‘ کے خطاب سے بھی نوازا گیا ۔مارگریٹ تھیچر کو سیاسی سفر میں کئی بارشدید دباؤکا سامنا کرنا پڑا،لیکن انہوں نے اپنا موقف کبھی تبدیل نہیں کیا۔
اقتصاد ی پالیسی اور مزدور تنظیموں کے قوانین میں اصلاحات اور فالک لینڈ جزیروں کو واپس لینے جیسے اقدامات کی وجہ سے انہیں اعلیٰ پائے کی سیاستدان کا درجہ حاصل ہوا۔ ان کامیابیوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ’’ ایسی کامیابیاں شاید کوئی اور رہنما حاصل نہ کرپاتا‘‘۔
مارگریٹ تھیچر کو بیسویں صدی کی اہم ترین سیاسی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔مارگریٹ تھیچر 1959 میں کنزرویٹو پارٹی میں شامل ہوئیں اور 1992 میں برطانوی پارلیمان کے ایوانِ زیریں سے ریٹائر ہوئیں۔ان کی سیاست کے ا ثرات ان کے بعد آنے والے کنزرویٹو اور لیبر پارٹی کے رہنماؤں کی پالیسیوں پرپڑے ۔
مارگریٹ تھیچر کے دور میں بہت سے عام ووٹرز نے کونسل کے گھر خریدے اور نجی شعبے میں دیے گئے برٹش گیس اور بی ٹی جیسے سرکاری اداروں میں حصہ دار بنے۔تاہم ان کی مفاہمت نہ کرنے کے رجحان نے انہیں متنازع شخصیت بنا دیا تھا۔ ان کے طرزحکومت اور پالیسیوں کی وجہ سے آخر کار کنزرویٹو پارٹی کے اندر بغاوت ہوئی اور سڑکوں پر احتجاج کیا گیا۔
مارگریٹ تھیچر کے سیاسی ورثے میں ان کی اقتصادی پالیسی شاید اہم ترین ہے۔ ان کی پالیسیوں کے تحت برطانیہ میں نجکاری کے عمل میں تیزی آئی۔ مارگریٹ تھیچر نے ’’فری مارکیٹ اکانومی‘‘ کی ترقی کے لیے بھی کام کیا۔ان کے دور میں معیشت میں حکومتی کردار اور اخراجات میں کمی کی اور افراط زر میں کمی کے لیے مانٹری پالیسی کا سہارا لیا۔ان کی پالیسیوں کے باعث برطانیہ کو فوری طور پر تو مشکلات کا سامنا ہوا اور بے روز گاری کی شرح بڑھی تاہم وقت کے ساتھ ساتھ انہی پالیسیوں کی بدولت برطانوی معیشت میں دیر پا ترقی ہوئی ۔
مارگریٹ تھیچر گیارہ برس تک برطانیہ کی وزیراعظم رہیں، وہ 8 اپریل 2013 کو 87 برس کی عمر میں فالج کے شدید حملے کے بعد انتقال کر گئیں۔ ایک سبزی فروش کی بیٹی کا وزیراعظم اعظم بنے تک کا سفر اور ان کی ملک و قوم کیلئے خدمات شاید اہل برطانیہ کبھی نہ بھلا پائیں۔
برطانیہ کی سابق وزیراعظم مارگریٹ تھیچر 8 اپریل 2013 کو 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔وہ 1979 سے 1990 تک کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے برطانیہ کی وزیراعظم رہیں۔ مارگریٹ تھیچر برطانیہ کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔