اسلام آبا د(نیوز ڈیسک)محکمہ تعلیم پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے اسکول 18 اگست سے دوبارہ کھلیں گے۔ اسی روز او لیول، اے لیول اور انٹرمیڈیٹ کی کلاسز کا آغاز بھی کر دیا جائے گا۔ جبکہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے بحال ہوں گی۔ یہ فیصلہ صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر نافذ ہو گا۔
وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق اسکول کھلنے کی تاریخوں میں یہ تبدیلی ماہرینِ تعلیم سے مشاورت کے بعد کی گئی ہے۔یاد رہے کہ محکمہ تعلیم نے جمعرات کے روز موسم گرما کی چھٹیوں میں توسیع کا اعلان کیا تھا۔ پہلے یہ تعطیلات 14 اگست تک مقرر تھیں، تاہم اب صوبے بھر میں تمام اسکول یکم ستمبر کو کھلیں گے۔