اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک لبیک کے خلاف فیض آباد میں آپریشن کی وجہ سے فیصل آباد میں بھی مظاہرہ کیا جا رہا تھا جیسے مظاہرین پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے گھر کے قریب پہنچے تو اس دوران پولیس اور مظاہرین کے آمنے سامنے آنے سے حالات کشیدہ ہو گئے، اس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا، پولیس نے مظاہرین کی پیش قدمی روکنے کی کوشش کی مگر وہ اس میں جب ناکام ہوئے تو آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، نجی ٹی وی چینل کے مطابق فیصل آباد میں سمندری روڈ کے قریب مذہبی جماعتوں
کے مشتعل مظاہرین رانا ثناء اللہ کے گھر پہنچ گئے جہاں پولیس نے مظاہرین کو مزید پیش قدمی سے روکا تو انہوں نے اہلکاروں پر پتھراؤ کر دیا جس سے بہت سے اہلکار شدید زخمی ہو گئے، پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس کے بعد پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں شرو ع ہو گئیں اور حالات کشیدہ ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی تعداد 2 ہزار کے قریب ہے جو پولیس پر دھاوا بول رہے ہیں جبکہ پولیس اہلکار مشتعل مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کر رہے ہیں۔