لاہور( این این آئی) حکمران جماعت کے حلقہ پی پی 37سرگودھا سے رکن اسمبلی صاحبزادہ غلام نظام الدین سیالوی نے ختم نبوتؐ کے معاملے پر اپنا استعفیٰ پیر آف سیال شریف پیر سید حمید الدین سیالوی کے حوالے کر دیا ۔ گزشتہ روز ’’ این این آئی ‘‘ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے غلام نظام الدین سیالوی نے کہا کہ فیض آباد میں آپریشن یا دوسرے معاملا ت بارے کچھ نہیں کہوں گا میں نے ختم نبوتؐ کے معاملے پر اسمبلی رکنیت چھوڑنے کے لئے استعفیٰ پیر آف سیال شریف کے حوالے کردیا ہے ۔
وہ اس حوالے سے جو بھی فیصلہ کریں گے مجھے وہ منظور ہوگا ۔ اس سوال کے جواب میں کہ ختم نبوتؐ کا معاملہ تو کئی روز سے چل رہا ہے آپ نے دھرنے کے شرکاء کے خلاف آپریشن کے بعد استعفیٰ دینے کا اعلان کیوں کیا جس پر انہوں نے کہا کہ اور بھی بہت سی وجوہات ہیں لیکن سب سے پہلا معاملہ ختم نبوتؐ کا ہے ۔ انہوں نے سوموار کے روز پنجاب اسمبلی کے جاری سیشن میں شرکت کرنے یا نہ کرنے بارے سوال کے جواب میں کہا کہ فی الوقت اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتا۔