اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )دھرنا مظاہرین نے سکیورٹی فورسز پر آنسو گیس کے شیل فائر کیے، ایک رات پہلے سیف سٹی پراجیکٹ کی فائبر آپٹک کیبل کاٹ دیںجس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ لوگ اتنے سادہ نہیں، مظاہرین کے پاس اندر کی خبریں جو ریاست مخالف ہتھکنڈوں کے
طور پر استعمال کی جا سکتی ہیں، دھرنے والوں کو لاشیں چاہئیں، ان کے عزائم سے متعلق مصدقہ اطلاعات ہیں، احسن اقبال کی نجی ٹی وی سے گفتگو میں انکشافات۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے نجی ٹی وی سما نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دھرنے والوں نے سکیورٹی فورسز پر آنسو گیس کے شیل فائر کئے ہیں جبکہ آپریشن سے ایک رات پہلے سیف سٹی پراجیکٹ کی فائبر آپٹک کیبل کاٹ دی تھیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ لوگ اتنے سادہ نہیں جتنے نظر آرہے ہیں۔ مظاہرین کے پاس اندر کی خبریں ہیں جو ریاست مخالف ہتھکنڈوں کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مصدقہ اطلاعات ہیں کہ دھرنے والے لاشیں چاہتے ہیں ۔ مظاہرین کے خلاف عدالتی حکم کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے ،انتظامیہ اس مقصد کے لیے جو بھی کرے گی حکومت اسے مکمل سپورٹ کرے گی۔عوام اس سازش سے دور رہیں ۔وزیر داخلہ نے کہا ہم سب مسلمان ہیں ،کوئی بھی ختم نبوت کے حوالے سے کسی کمی کا سوچ بھی نہیں سکتا ،یہ عقیدہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،نبی کریمﷺسے ہمیں اپنے والدین اور اولاد سے زیادہ محبت ہے۔