نئی دہلی ( آن لائن ) سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ یہ عمران خان تھے جنہوں نے 2006 میں میرے ختم ہوتے کیرئیر کو دوبارہ زندہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اور عظیم کپتان سرو گنگولی کی جانب سے بھارتی جریدے کو دیے گئے
ایک انٹرویو میں دلچسپ انکشاف کیا گیا ہے۔ سارو گنگولی نے انکشاف کیا ہے کہ یہ عمران خان تھے جنہوں نے 2006 میں میرے ختم ہوتے کیرئیر کو دوبارہ زندہ کیا۔پاکستان کے سابق کپتان کی نصیحت کبھی نہیں بھولوں گا۔ انہوں نے میری زندگی کا رخ بدل ڈالا تھا۔ سارو گنگولی بتاتے ہیں کہ جب انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا جا رہا تھا تو وہ شدید ذہنی تناو کا شکار ہو گئے تھے۔ ایسے میں لاہور میں ان کی عمران خان سے ملاقات ہوئی۔ جب انہوں نے اپنی پریشانی کا ذکر کیا تو عمران خان نے انہیں نصیحت کی کہ “جب تم پرواز کر رہے ہوتے تو کالے بادل دیکھ کر گھبرانے کی بجائے تم ان بادلوں سے زیادہ اونچی پرواز کی کوشش کرو”۔ گنگولی کہتے ہیں کہ عمران خان کی اس نصیحت نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور یوں وہ انتھک محنت کے باعث دوبارہ ٹیم میں واپسی کر پائے تھے۔