خیرپور، کراچی ، اسلام آباد ( سی پی پی)قومی شاہراہ پرخیرپور کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 20ہوگئی،زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ، مسافر وین رانی پور سے سکھر جارہی تھی اور حادثہ دھند کی وجہ سے پیش آیا، سیاسی وسماجی رہنماؤں نے ٹریفک حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ۔
پیر کو خیرپور شاہ حسین بائی پاس پر کوئلے سے بھرا ٹرک مسافر وین پر الٹ گیا جس سے 17افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ3زخمی ہسپتال میں جاکر دم توڑ گئے۔ لاشیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام جعفر سومرونے بتایا کہ حادثے کے زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو اداروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ٹرک کے نیچے دبے لوگوں کو نکالا۔ہسپتال میں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حکام کے مطابق مسافر وین رانی پور سے سکھر جارہی تھی اور حادثہ دھند کی وجہ سے پیش آیا۔خیر پور سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ غلام جعفر سومرو کے مطابق 4 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا تھا جن میں سے 2 افراد دم توڑ گئے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مطابق ٹرک کے وین پر الٹنے کی وجہ سے مزید کچھ افراد وین میں دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔جاں بحق ہونے والے افراد میں رانی پور اور گردونواح کے تاجر بھی شامل ہیں جو خریداری کے لیے سکھر جا رہے تھے۔