واشنگٹن(نیوزڈیسک )امریکہ کے صدر براک اوباما نے ماحولیاتی تبدیلی کو دنیا کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلے کو مزید نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ہفتہ وار خطاب میں امریکی صدر نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے بچوں اور نواسے نواسیوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر یہ کہہ سکیں کہ ماحولیات کے بحران سے نمٹنے کے لیے جو کچھ ممکن تھا وہ انھوں نے کیاامریکی صدر نے کہاکہ ہمارے سیّارے کو جن خطرات کا سامنا ہے ان میں سے ماحولیاتی تبدیلی سے بڑا خطرہ کوئی نہیں انھوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق 2014 ہماری تاریخ کا گرم ترین سال تھا۔ ہماری تاریخ کے 15 گرم ترین سالوں میں سے 14 سال ایسے ہیں جو موجودہ صدی کے پہلے 15 سالوں میں سے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ کانگریس میں ہمارے کچھ ساتھی کہتے ہیں کہ اس موسم سرما میں ہمارے ملک کے کئی علاقوں میں بہت سردی پڑی تاہم اگر دنیا بھر میں دیکھیں تو یہ موسم سرما تاریخ کا گرم ترین موسم سرما رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ عالمی حدت میں تبدیلی آ رہی ہے اور اس حقیقت کے ہمارے آج کل کے طرز زندگی پر بہت گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔(اس کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں جیسے) شدید تر طوفان، خشک سالی کے طویل تر دور اور جنگل میں آگ کے طویل دور۔اوباما نے کہا کہ دنیا کے ماحولیات کے بڑے بڑے سائنسدان ہمیں خبردار کر رہے ہیں کہ ماحولیاتی تبدیلی نے اس ہوا کو متاثر کرنا شروع کر دیا جس میں ہمارے بچے سانس لیتے ہیں۔