کولمبو (این این آئی)سری لنکن کرکٹ کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب میں مایہ ناز لیفٹ آرم اسپنر رنگنا ہیراتھ کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ بائولر آف دی ایئر کے ایوارڈز لے اڑے، آسیلا گونارتنے بھی 4 ٹرافیوں کے حقدار ٹھہرے ۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کولمبو میں ہوا جہاں کرکٹرز کی
کارکردگی پر انہیںایوارڈز سے نوازا گیا،تقریب کے مہمان خصوصی بھارت کے سابق آل رائونڈر کپل دیو تھے جنہوں نے کرکٹرز کے ایوارڈز دیئے۔تقریب میں جون 2016 ء سے جون 2017 ء کے دوران تینوں فارمیٹس اور ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔رنگنا ہیراتھ نے سری لنکا کرکٹ کے سالانہ ایوارڈز میں کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ بائولر آف دی ایئر ایوارڈز لے اڑے ٗآسیلا گونارتنے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کے بہترین آل رائونڈر سمیت ٹی ٹونٹی بیٹسمین آف دی ایئر اور موسٹ پرومیسنگ کرکٹر بھی قرار پائے۔ہیراتھ نے ایک سال کے دورانیے کے دوران 11 ٹیسٹ میچز میں 73 وکٹیں لیں تھیں اس کارکردگی پر انہیں کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ بائولر آف دی ایئر ایوارڈز سے نوازاگیا ٗ آسیلا گونارتنے کی کارکردگی بھی شاندار رہی جس کی وجہ سے وہ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کے بہترین آل رائونڈر سمیت ٹی ٹونٹی بیٹسمین آف دی ایئر اور موسٹ پرومیسنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈز کے حقدار ٹھہرے۔دھانن جایا ڈی سلوا ٹیسٹ بیٹسمین آف دی ایئر، دلروون پریرا ٹیسٹ ا آل رائونڈر آف دی ایئر، کوسل مینڈس ون ڈے بیٹسمین آف دی ایئر، سرنگا لکمل ون ڈے بائولر آف دی ایئر، لاستھ مالنگا ٹی ٹونٹی بائولر آف دی ایئر قرار پائے۔ویمنز کرکٹ میں چماری اتاپتو نے ٹی ٹونٹی بیٹسمین آف دی ایئر اور ویمنز کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ حاصل کیا۔