ممبئی (این این آئی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اپنے کیرئیر کی 31ویں سنچری 200ویں ایک روزہ میچ میں بنائی اور یہ پہلی بار ہے کہ بطور کپتان سنچری بنانے کے باوجود ان کی ٹیم کو شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔ممبئی کے ونکھیڈے اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے معرکے میں میزبان ٹیم کا 280 رنز کا
ہدف ایک اوور پہلے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔میچ میں ٹاس جیت کر بھارت نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کپتان ویرات کوہلی نے 125 گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 121 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو یادگار بنایا۔دہلی کے 28 سال کے دائیں ہاتھ کے بیٹسمین کی یہ ون ڈے کرکٹ میں 31ویں سنچری تھی جبکہ بحیثیت کپتان 41 ون ڈے میچز میں کوہلی کی یہ نویں سنچری اننگز تھی۔ویرات کوہلی نے بحیثیت ون ڈے کپتان 2 جولائی 2013ء کو بھارت کی جانب سے پہلا میچ سبائنا پارک کنگسٹن جمیکا میں سری لنکا کے خلاف کھیلا۔ممبئی میں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کا پہلا ون ڈے ان کا بطور کپتان بھارت کیلئے 41واں میچ تھا جبکہ کوہلی کے کیرئیر میں یہ پہلا ون ڈے تھا جس میں وہ بطور کپتان سنچری بنا کر بھی اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔اس سے قبل ویرات کوہلی نے بحیثیت کپتان جن میچز میں سنچری اسکور کی اس میں بھارت کو کامیابی ملی تھی۔