اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت اطلاعات طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بے ڈھنگا حساب احتساب کے تقاضوں کے مطابق نہیں‘ فرد جرم سات دنوں سے قبل نہیں لگائی جاسکتی‘ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نواز شریف کے کیس میں ایسا ہورہا ہے کیا سی پیک بنانے اور دہشت گردی کم کرنے کا حساب
نواز شریف سے لیا جارہا ہے‘ اس طرح کے بے ڈھنگے حسابوں سے ملک کا نقصان ہوگا۔ جمعرات کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ نواز شریف مقبول لیڈر ہیں صرف اس لئے ان سے خاص سلوک کیا جارہا ہے۔ ٹیسٹ ٹیوب سے سیاسی بونے پیدا کئے جاتے ہیں پھر انہیں پروان چڑھایا جاتا ہے حقیقی قیادت کو ختم کیا جاتا ہے یہ ملک کے لئے اچھا نہیں۔ یہ کس بات کا حساب ہورہا ہے کیا ہم سے پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کا حساب لیا جارہا ہے کیا سی پیک بنانے اور دہشت گردی کم کرنے کا حساب لیا جارہا ہے؟ یہ بے ڈھنگا حساب احتساب کے تقاضوں کے مطابق نہیں۔ آمریت میں بھی عبوری ریفرنس میں فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نواز شریف کے کیس میں ایسا ہورہا ہے۔ فرد جرم سات دنوں سے قبل نہیں لگائی جاسکتی نہ اپیل ہے نہ دلیل ہے حساب لیا جارہا ہے۔ اسی طرح کے بے ڈھنگے حسابوں سے ملک کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام عدل پر غیر قانونی فرد جرم لگنے جارہی ہے۔