اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں عدم پیشی کے باعث سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کے بیٹے حسن نواز اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے اس پر کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ دونوں کا اخبار میں اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ پیر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب ریفرنسز پر سماعت کی جس میں
کیپٹن (ر) صفدر اور مریم نواز عدالت میں پیش ہوئے جس کے بعد عدالت نے محمد صفدر کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔نیب نے دوران سماعت عدالت میں استدعا کی کہ حسن نواز اور حسین نواز کا ٹرائل الگ کیا جائے اور انہیں اشتہاری قرار دیا جائے۔نیب کی جانب سے حسن اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔عدالت نے نیب کی استدعا پر حسن نواز اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا منظور کرلی اور اس پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ملزمان کا اخبار میں اشتہار جاری کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے دونوں ملزمان کو بذریعہ اخبار اشتہار عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے جبکہ عدالت نے 3 نیب ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز کامقدمہ الگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔