لاہور (آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے انجن اور بوگیوں کی باقاعدہ نقاب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اورنج ٹرین چین کا پاکستان کو تحفہ ہے جس میں روزانہ ڈھائی لاکھ لوگ سفر کریں گے، اس پر زندگی کے ہر شعبے کے لوگ سفر کرسکیں گے سیاسی مخالفین اورنج لائن ٹرین کو چلنے نہیں دینا چاہتے لاہور کے عوام انہیں پہچانیں، اورنج لائن ایک شہر کا نہیں بلکہ پورے ملک کا منصوبہ ہے
، مخالفین روڑے اٹکاتے رہیں لیکن ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہیگا ، عدالت اورنج لائن منصوبے پر جو بھی فیصلہ دے گی اس پر عمل کریں گے۔ اتوار کو وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے انجن اور بوگیوں کی باقاعدہ نقاب کشائیدی۔بجلی سے چلنے والی آٹو میٹک ائیرکنڈیشنڈ اورنج لائن ٹرین 5 بوگیوں پر مشتمل ہے جس میں ایک ہزار افراد سفر کر سکیں گے۔ڈیرہ گجراں سے علی ٹان تک 27 کلومیٹر طویل روٹ پر 27 اورنج ٹرینیں رواں دواں نظر آئیں گی اور میٹرو ٹرین 27 کلو میٹر کا فاصلہ 45 منٹ میں طیکرے گی۔ ایک ٹرین میں ایک ہزار مسافروں کی گنجائش ہے، 200 افراد بیٹھ کر جبکہ 800 مسافر کھڑے ہو کر سفر کر سکیں گے۔اورنج لائن ٹرین کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین چین کا پاکستان کو تحفہ ہے جس میں روزانہ ڈھائی لاکھ لوگ سفر کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین پر زندگی کے ہر شعبے کے لوگ سفر کرسکیں گے، ان کا مشن عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین اورنج لائن ٹرین کو چلنے نہیں دینا چاہتے اس لئے لاہور کے عوام انہیں پہچانیں۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ایک شہر کا نہیں بلکہ پورے ملک کا منصوبہ ہے، مخالفین روڑے اٹکاتے رہیں لیکن ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہیگا جب کہ عدالت اورنج لائن منصوبے پر جو بھی فیصلہ دے گی اس پر عمل کریں گے۔