اسلام آباد (آئی این پی) رینجرز کے ہٹنے کے بعد پارلیمنٹ ہائوس میں سیکیورٹی کے لئے ایف سی کو تعینات کردیا گیا ہے اس سلسلے میں ایف سی کے 45 اہلکارڈیوٹی پر مامور کئے گئے تاہم وفاقی دارالحکومت کے 13داخلی راستوں اور اہم ناکوں پر تاحال رینجرز تعینات ہے۔ جمعرات کو رینجرز کے ہٹنے کے بعد پارلیمنٹ ہائوس میں سیکیورٹی کے لئے ایف سی کو تعینات کردیا گیا اس سے قبل پارلیمنٹ کی سکیورٹی کیلئے رینجرز
کے 49افسران و اہلکار تعینات تھے۔ جمعرات کے سیشن کے لئے پینتالیس ایف سی اہلکار پارلیمنٹ میں تعینات کئے گئے ۔ پولیس کے ساتھ پندرہ جوائنٹ پٹرولنگ پر رینجرز کو نہیں ہٹایا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے تیرہ داخلی راستوں اور اہم ناکوں پر تاحال رینجرز تعینات ہے ، وہاں سے رینجرز اہلکاروں کو نہیں ہٹایاگیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں احتساب عدالت میں رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کے تنازع کے بعد پارلیمنٹ ہائوس
کی سیکیورٹی پر مامور رینجرز اہلکاروں کو بدھ کے روز ہٹا دیاگیا تھا ، حکومت نے احتساب عدالت کے باہر رینجرز کی بلااجازت تعیناتی پر رینجرز حکام سے جواب طلب کررکھاہے۔