دبئی (این این آئی)سابق پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف تھوڑا جارحانہ انداز اپنانا ہوگا ٗپاکستان کورنگنا ہیراتھ کے خلا ف کھیلنے کیلئے منصوبہ بندی کرناپڑے گی۔سابق ٹیسٹ کر کٹر مصباح الحق نے دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونس خان اور میری غیر موجودگی میں تھوڑا خلاء ضرورہوا ہے مگر ٹیم میں پوٹینشل ہے،ضروری نہیں
پہلے ہی میچ میں نئی ٹیم کیساتھ حکمت عملی کامیاب ہو۔انہوں نے کہا کہ امارات میں ابھی گرمی ہے،پچ جلدی خشک ہوجاتی ہے ٗیہاں کی کنڈیشن میں خشک پچ پر 2 اسپنرز کھلانے پڑتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کو اپنی غلطیوں کا اندازہ ہوگیا ہوگا ٗدبئی میں بہترکارکردگی کی امیدہے، یاسرشاہ اورمحمد عباس نے اچھی بولنگ کی، پہلی اننگ میں اوپنرز نے اچھی بیٹنگ کی، اسد شفیق،اظہر
علی کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی ٹھیک ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ سرفراز میری ٹیسٹ ٹیم اسکواڈ کا بہترین پرفارمر رہا ہے، ووننگ کمبی نیشن بنانے میں وقت لگتا ہے۔واضح رہے کہ سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو جیت کیلئے 136 رنز کا ہدف دیا لیکن قومی ٹیم 114 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی۔