اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے سندھ میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کی روک تھام سے متعلق کیس نمٹادیا، عدالت نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری داخلہ سندھ کو پولیس کی تجاویز پر غور کرکے ایکشن لینے کا حکم دے دیا۔جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، سندھ پولیس نے اغواء کی وارداتوں میں کمی کیلئے تجاویز پیش کیں، ایس ایس پی انویسٹی گیشن الطاف قریشی نے کہا کہ اگر ضلعی سطح پر فرانزک لیبارٹریاں بنائی جائیں، پولیس کو جدید ہتھیار اور تربیت دی جائے تو بہتری آسکتی ہے۔بینچ نے ریمارکس دیئے کہ حکومت ان معاملات پر آج کل بہت توجہ دے رہی ہے، کیا آپ نے یہ تجاویز حکومت کو دی ہیں، ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ اعلیٰ پولیس حکام نے اس حوالے سے سندھ حکومت سے رجوع کیا، حکومت کے مطابق ابھی کچھ معاملات پائپ لائن میں ہیں۔جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ اکثر معاملات جو پائپ لائن میں ہوتے ہیں، وہ وہیں رہ جاتے ہیں، عدالت نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری داخلہ سندھ کو پولیس کی تجاویز پر غور کرکے ایکشن لینے کا حکم دیتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔