اسلام آباد (این این آئی)اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبونل خالد لطیف کیس کا تفصیلی فیصلہ اگلے ہفتے سنائیگا۔اینٹی کرپشن ٹریبونل نے خالد لطیف کیس کا مختصر فیصلہ 20 ستمبر کو سنایا تھا، جس میں خالد لطیف کو پانچ سال کی پابندی اور دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔ذرائع کے مطابق خالد لطیف کیس کا تفصیلی فیصلہ آئندہ ہفتے کے وسط میں سنایا جائے گا، جس
کے بعد دونوں فریقین کواپیل کرنے کا حق ہو گا۔اس سے قبل اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کرکٹر خالد لطیف کے وکیل بدر عالم نے کہا کہ پی سی بی ٹریبونل نے جو فیصلہ دیا انہیں اس کا اختیار ہی نہیں، پی سی بی کے کوڈ میں مختصر فیصلے کی کوئی گنجائش نہیں، فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ ٹریبونل غیر جانبدار نہیں ہے۔پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ
الزامات کو ثابت کرنا پی سی بی کا کام ہے اور اس حوالے سے فیصلہ دینا ٹریبونل کے دائرہ اختیار میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف خالد لطیف کے پاس سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا حق ہے۔