نیویارک (این این آئی)اقوامِ متحدہ نے کہاہے کہ میانمار کی مسلم اکثریتی ریاست رخائن سے پناہ کی خاطر بنگلہ دیش جانے والے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد تقریباً 40 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ادارے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران 38 ہزار افراد سرحد عبور کر چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان پناہ گزینوں کے مطابق سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران ان پر فائرنگ بھی کی گئی۔ا
دھر میانمار کی فوج کا کہنا ہے کہ ملک کے اندر حالیہ جھڑپوں میں مارے جانے والوں کی تعداد 400 تک پہنچ گئی ہے اور ان میں سے بیشتر مزاحمت کار تھے۔میانمار میں تازہ جھڑپیں مزاحمت کاروں کی جانب سے رخائن میں پولیس اور فوج کی چوکیوں پر حملوں کے بعد شروع ہوئی تھیں۔روہنگیا مسلمانوں کا کہنا ہے کہ انھیں زبردستی بیدخل کیا جا رہا ہے جبکہ برما کی حکومت کے مطابق وہ علاقے سے مزاحمت کاروں کو باہر نکال رہی ہے تاکہ عام شہریوں کا تحفظ کیا جا سکے۔