اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے کمانڈر جنرل نکلسن نے افغان ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کی قیادت پاکستان کے شہر کوئٹہ اور پشاور میں رہ رہی ہے اور وہ اس سے باخبر ہیں، جنرل نکلسن نے کہا کہ ہم افغان مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں، طالبان کو چاہیے کہ وہ امن عمل میں شامل ہو جائیں کیونکہ وہ لڑائی کے ذریعے کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور باغیوں
کی حمایت کو بھی روکنا ہو گا اور ان کی مالی مدد روکنے کے لئے بھی قدم اٹھانا ہو گا، دہشت گردوں کی پناہ گاہیں افغانستان سے باہر ہونا ایک سنگین مسئلہ ہے اور اسے حل کرنا ہو گا۔ جنرل نکلسن نے یہ بھی کہا کہ امریکی اور پاکستانی حکومت کے درمیان اس مسئلے پر بات ہوئی ہے۔ جنرل نکلسن نے پاکستان کے بارے زیادہ بات کرنے سے انکار کر دیا مگر انہوں نے یہ ضرور کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اس وقت نازک موڑ پر ہیں۔