اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخواہ میں ڈینگی کی خطرناک اڑانیں، ایک اور مریض ہسپتال میں دم توڑ گیا، جاں بحق افراد کی تعداد 8ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی کا ایک اور مریض دم توڑ گیا ہے اور ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8ہو گئی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اب تک 557متاثرہ مریض ہسپتال میں لائے گئے جن
میں سے 247تاحال زیر علاج ہیں۔صوبے میں ڈینگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے جبکہ اس کے تدارک کیلئے کی جانے والی کوششیں ناکافی قرار دی جا رہی ہے۔ خیبرٹیچنگ ہسپتال میں بعض ڈاکٹروں میں بھی ڈینگی کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک نرس بھی اس جان لیوا مرض میں مبتلا ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر صحت کی جانب سے ڈینگی کے خلاف ملائیشیا سے مدد حاصل کرنے کا اعلان کیا گیا ہےجبکہ دوسری جانب پنجاب سے جانیوالی ڈاکٹروں کی ٹیموں اور ہیلتھ یونٹس کو ہسپتالوں تک رسائی دینے سے انکار کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے پنجاب سے جانیوالی ڈاکٹروں کی ٹیمیں ہیلتھ موبائل یونٹس کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہی ہیں اور ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں کیمپوں کا انعقاد کر رہی ہیں جبکہ خیبرپختونخواہ میں ڈینگی کے حملے کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پشتو زبان میں ایک ہیلپ لائن کا بھی قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جبکہ خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے پنجاب سے نہ تو مدد طلب کی گئی ہے اور نہ ہی اس کی جانب سے ڈینگی کے تدارک کیلئے کی جانیوالی کوششوں میں تعاون فراہم کیا جا رہا ہے بلکہ حد تو یہ ہے کہ اسے ن لیگ کا سیاسی سٹنٹ قرار دیدیا گیا ہے۔