ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لئے روزگار کا حصول مشکل ہوگیا، رواں سال ورکرز کی تعداد تین لاکھ پچاسی ہزار کم ہوگئی، تقریباََ ایک لاکھ کے قریب پاکستانیوں کو سعودی عرب سے نوکری نہ ہونے کے باعث بے دخل کیا جا چکا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق رواں سال جنوری سے جون تک صرف
ستتر ہزار چھ سو پاکستانی روزگار کے لئے سعودی عرب گئے۔گذشتہ سال چار لاکھ باسٹھ ہزار پانچ سو اٹھانوے پاکستانیوں نے روزگار کے لئے ریاض کا رخ کیا، سعودی عرب کے لئے ورکرز کی تعداد میں نمایاں کمی کی بڑی وجہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہے، جو اننچاس ڈالر فی بیرل پر آگئی۔اس سے قبل جولائی دوہزار آٹھ میں خام تیل کی قیمت ایک سو سئنتالیس ڈالر ستائیس سینٹس فی بیرل کی ریکارڈ سطح پر تھی۔