راولپنڈی (این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک میں قانون کی حکمرانی قائم اور آئین کی بالادستی برقرار رکھنے کیلئے قومی طاقت کے حامل دیگر عناصر کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ علاقائی امن اور سلامتی کے حوالے سے اعتماد کی بنیاد پر باہمی تعاون کے خواہاں ہیں جبکہ کور کمانڈرز کانفرنس نے آپریشن رد الفساد کے ذریعے طویل مدتی مثبت اثرات کے حصول کو سراہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 203 ویں کور کمانڈر کانفرنس چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت پیر کو جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی، کانفرنس کے شرکاء نے ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے علاقائی سیکیورٹی صورتحال بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور علاقائی امن اور سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم اس حوالے سے اعتماد کی بنیاد پر باہمی تعاون کے خواہاں ہیں تاکہ پائیدار علاقائی امن کا حصول ممکن ہوسکے ، کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے ذریعے طویل مدتی مثبت اثرات حاصل کئے جارہے ہیں جو لائق تحسین ہیں، آرمی چیف نے ہدایت کی کہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم اور آئین کی بالادستی برقرار رکھنے کیلئے قومی طاقت کے حامل دیگر عناصر کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھی جائیں۔