لاہور( این این آئی )قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور کے فیروزپور روڈ پر ہونے والے حالیہ خودکش حملے کا ذمہ دار ایک نیا گروپ ہے، جو کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہی تعلق رکھتا ہے۔میڈیا رپورٹ میں ایک سینئر پولیس افسر کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ بم دھماکا طالبان اسپیشل گروپ(ٹی ایس جی)کی جانب سے کیا گیا جن کے پاس اعلیٰ تربیت یافتہ خود کش بمبار موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری ٹی ٹی پی سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ جماعت الاحرار نے قبول کی تھی۔ اس بات کا امکان موجود ہے کہ خود کش حملہ آور کو اس کے سہولت کار مذکورہ مقام پر کسی رکشہ یا دیگر گاڑی میں لے کر آئے ہوں۔پولیس افسر نے بتایا کہ حملے کے وقت جائے وقوعہ کے قریب موجود ایک سی سی ٹی وی کیمرہ کام نہیں کررہا تھا جس کی وجہ سے خود کش بمبار کے سہولت کاروں کی نشاندہی ممکن نہیں تاہم خود کش بمبار کے جسمانی اعضا ء کو فرانزک کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔