کراچی (این این آئی)ادارہ شماریات نے اپریل 2018سے قبل مردم شماری کا سرکاری ڈیٹا الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دینے سے معذرت کرلی ہے ،جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اہم اجلاس رواں ہفتے طلب کرلیاگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی انتخابی حلقہ بندیوں کے لیے ادارہ شماریا ت سے مردم شماری کا سرکاری ڈیٹا طلب کیا تھا ۔
تاہم ادارہ شماریات نے اپریل 2018سے قبل مردم شماری کا سرکاری ڈیٹا فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے ۔اس ضمن میں چیف شمار یات کا کہنا ہے کہ اپریل 2018سے قبل کسی صورت سرکاری مردم شماری کا ڈیٹا نہیں دے سکتے۔ الیکشن کمیشن کو اس پر حلقہ بندیاں کرنے میں حرج نہیں ہونا چاہیے۔ادھر الیکشن کمیشن حکام کے مطابق سرکاری ڈیٹا کے بغیرقانونی طور پر حلقہ بندیاں نہیں کی جاسکتی ہیں۔ 2018میں ڈیٹا ملنے کی وجہ سے فی الوقت نئی حلقہ بندیاں کرنا ممکن نہیں۔ذرائع کے مطابق تمام صورت حال مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اسی ہفتے اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے ۔