اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قطر کے ساتھ تنازع ختم کرنے کیلئے چار عرب ممالک نے قطر کو 13مطالبات پر مبنی فہرست تھماتے ہوئے 10روز کی مہلت دیدی۔ غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے تنازع کو ختم کرنے کے لیے قطر کو
ایک فہرست ارسال کی ہے، جن میں الجزیرہ ٹی وی کو بند کرنے، ایران کے ساتھ تعلقات میں کمی اور قطر میں ترک فوجی اڈے کو بند کرنے سمیت 13 مطالبات شامل ہیں۔عرب ممالک نے قطر کو دی جانےوالی فہرست میں مطالبہ کیا ہے کہ بحران کے حل کے لیے اسے اخوان المسلمون، داعش، القاعدہ، حزب اللہ اور جبھۃ فتح الشام سمیت تمام تنظیموں کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے ہوں گے اور مطلوب افراد کو حوالے کرنا ہوگا جنہیں اس نے پناہ دی ہوئی ہے۔ ان چار ممالک نے قطر سے اپنے اندرونی و خارجہ امور میں مداخلت بند کرنے، اور ان ممالک کے شہریوں کو قطری شہریت دینے کا سلسلہ بند کرنے کے بھی مطالبات کیے۔بتایا جاتا ہے کہ قطر سے تعلقات ختم کرنے والے ممالک نے قطری پالیسیوں کی بدولت پہنچنے والے نقصان کے ازالے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔قطر کو صلح کیلئے دی جانیوالی فہرست امیر کویت نے پہنچائی ہے جو قطر اور عرب ممالک کے درمیان صلح کی کوششوں میں مـصروف ہیں۔ واضح رہے کہ قطر عرب ممالک پر واضح کر چکا ہے کہ سعودی عرب ،مصر، عرب امارات، بحرین جنہوں نے اس سے تعلقات منقطع کئے ہیں سے اس وقت تک مذاکرات نہیں کرے گا جب تک کہ اس پر ان ممالک کی جانب سے عائد کی گئی پابندیاں اٹھا نہیں لی جاتیں۔