بینکاک(این این آئی)وحشی جانوروں کو سدھانے کے باوجود ان کے ساتھ کھیل تماشا بعض اوقات خطرناک ثابت ہوتا ہے۔اس کی ایک تازہ مثال حال ہی میں تھائی لینڈ کے جنوبی سیاحتی جزیرہ ’کوہ ساموی‘ میں قائم ایک چڑیا گھر میں اس وقت سامنے آئی جب چڑیا گھر کے ایک محافظ نے سرکس کے کھیل کے طورپرایک مگر مچھ کو سہلانے کی کوشش کی تو اس نے خلاف معمول محافظ کا سر اپنے جبڑوں میں لے کر چبا دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس المناک واقعے کی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں محافظ کا سر مگرمچھ کے جبڑوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ اتوار کو اس وقت پیش آیا جب چڑیا گھر کے محافظ نے سرکس کے مگرمچھ کے ساتھ سیاحوں کے سامنے معمول کا کھیل شروع کیا۔ چڑیا گھر کا اہلکار اس کے مگر مچھ کے سامنے جھکا اور اپنا سر مگرمچھ کے سامنے رکھا۔ اگلے ہی لمحے مگر مچھ نے اس کا سر اپنے جبڑوں میں دبوچ لیا۔ محافظ شدت تکلیف سے چیخ پکار کرتا رہا۔ قریب تھا کہ وہ اس واقعے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتا مگر مچھ نے اسے چھوڑ دیا۔ مگر مچھ کے جبڑوں میں دبائے جانے کے باعث اس کے سرمیں شدید زخم آئے اور وہ ہوش و حواس بھی کھو بیٹھا۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ سرکس کے مگرمچھ کے ساتھ کھیل تماشے سے قبل محافظ نے چڑیا گھر میں آئے افراد کو اپنا ہاتھ بھی دکھایا جو ماضی میں ایسے ہی ایک واقعے میں مگر مچھ کیحملے میں زخمی ہوگیا تھا اور اس کی ایک انگلی کٹ گئی تھی۔