حضرت ابن عمرؓ نے فرمایا جنگ بدر کے دن مجھے حضورﷺ کے سامنے پیش کیا گیا لیکن حضورﷺ نے مجھے چھوٹا سمجھ کر قبول نہ فرمایا اس جیسی سخت رات کبھی نہیں آئی تھی۔ حضورؓ کے قبول نہ فرمانے کی وجہ سے مجھے بڑا غم تھا اور میں ساری رات جاگتا اور روتا رہا۔ اگلے سال پھر مجھے حضورﷺ کے سامنے پیش کیا گیا۔
آپؐ نے مجھے قبول فرما لیا۔ میں نے اس پر اللہ کا شکر ادا کیا۔ حضرت عبداللہؓ کی یہ بات سن کر ایک آدمی نے کہا اے ابوعبدالرحمن! جس دن دونوں فوجیں مقابلہ میں آئی تھیں (یعنی جنگ احد کے دن) کیا اس دن آپ لوگوں نے پیٹھ پھیری تھی؟ انہوں نے کہا ہاں لیکن اللہ تعالیٰ نے ہم سب کو معاف فرما دیا اس پر اللہ کا بڑا شکر ہے۔