حضرت ابن عمرؓ فرماتے ہیں کہ ایک دفعہ میں میدان بدر کے کنارے چلا جا رہا تھا کہ اتنے میں ایک آدمی ایک گڑھے سے باہر نکلا اس کی گردن میں زنجیر پڑی ہوئی تھی اس نے مجھے پکار کر کہا اے عبداللہ! مجھے پانی پلا دے، اے عبداللہ! مجھے پانی پلا دے، اے عبداللہ! مجھے پانی پلا دے۔ اب مجھے معلوم نہیں کہ اسے میرا نام معلوم تھا یا اس نے ویسے ہی عربوں کے دستور کے مطابق عبداللہ کہہ کر پکارا اور نام معلوم نہیں تھا۔
پھر اسی گڑھے سے ایک اور آدمی باہر نکلا اس کے ہاتھ میں کوڑا تھا اس نے مجھے پکار کر کہا اے عبداللہ! اسے پانی نہ پلانا کیونکہ یہ کافر ہے پھر اسے کوڑا مارا جس پر وہ آدمی اپنے گڑھے میں واپس چلا گیا۔ میں جلدی سے حضورؐ کی خدمت میں گیا اور سارا واقعہ حضورؐ کو بتایا آپؐ نے مجھ سے فرمایا کیا تم نے اسے دیکھا ہے؟ میں نے کہا جی ہاں! حضورؐ نے فرمایا یہ اللہ کا دشمن ابوجہل تھا اور اسے قیامت کے دن تک یونہی عذاب ہوتا رہے گا۔