اسلام آباد (آن لائن) پی ٹی آئی کی قیادت نے ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے تمام حلقوں میں سروے رپورٹس شروع کرادیئے ہیں ۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 111 سیالکوٹ کا خفیہ سروے کروانے کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے محترمہ فردوس عاشق اعوان کو اپنا امیدوار نامزد کردیا ۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر قومی اسمبلی اورصوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر خفیہ سروے کروائے جارہے ہیں
اورانتہائی شفاف سروے کے بعد امیدواروں کی نامزدگی بھی شروع کردی گئی ہے پی ٹی آئی قیادت کے حکم پر قومی اسمبلی اورصوبائی اسمبلی کے حلقوں میں خفیہ سروے حلقے کے عوام سے غیررسمی گفتگو کے ذریعے کیا جارہا ہے اور ان رپورٹس میں حلقے کے عوام کی ویڈیوز بھی ریکارڈ کی جاتی ہیں محترمہ فردوس عاشق اعوان جو کہ پی ٹی آئی میں غیر مشروط طور پر شامل ہوئی تھی لیکن سروے رپورٹ میں 95فیصد حلقے کے ووٹروں نے زور دیا کہ انہیں پارٹی ٹکٹ سے نوازا جائے جس کے بعد عمران خان نے فردوس عاشق اعوان کو اپنی انتخابی مہم شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔