لاہور(نیوزڈیسک) ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے رائیونڈ ریلوے ٹریک فلائی اوور کے افتتاح کے بعد فلائی اوور کا معائنہ کیااور فلائی اوور کی اعلی کوالٹی کو سراہا ۔وزیراعلی نے گاڑی سے اتر کر فلائی اوور کے تعمیراتی کام کی تعریف کی او رکہاکہ یہ منصوبہ بھی پنجاب حکومت کے دیگر منصوبو ں کی طرح شفافیت اور اعلی معیار کا شاہکار ہے ۔وزیراعلی کو دیکھ کر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، شہریوں نے’’دیکھو دیکھو کون آیا ، شیرآیا ، شیر آیا‘‘ کے نعرے لگائے ۔وزیراعلی نے ہاتھ ہلا کر نعروں کے جواب دئیے۔انہوں نے
کہاکہ یہ فلائی اوور رائیونڈ کے شہریوں کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ایک تحفہ ہے ۔وزیراعلی کی فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب کے دوران میٹروبس کو جنگلا بس کہنے والے نیازی صاحب اور کروڑوں روپے کے قرض معاف کرانے والے’’ امیرترین ‘‘کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور نیازی صاحب کو مشورہ دیا کہ اب وہ عوام کے دباؤ پر پشاو رمیں میٹروبس کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں لہذا وہ میٹرو بس کو جنگلا بس کہنا چھوڑ دیں۔وزیراعلی نے کہا کہ نیازی صاحب کو چار سال بعد میٹروبس منصوبے کا خیال آیا ہے ۔اس موقع پر انہوں نے یہ الفاظ کہے ’’بہت دیر کر دی مہربان آتے آتے ‘‘۔